بنگلورو11؍جولائی(ایس اونیوز) ریاست بھر میں مانسون شباب پر ہے، ممبئی کرناٹک علاقے مانسون کی بارشوں کی زد میں بری طرح گھرے ہوئے ہیں۔ یہاں موسلا دھار بارش کی وجہ سے اہم ندیوں میں طغیانی آگئی ہے، جس کی وجہ سے عام زندگی درہم برہم ہوئی ہے تو جان ومال کو بھی بھاری خسارہ لاحق ہوا ہے۔ مسلسل بارشوں کے سبب کھیتی کیلئے تیار زمینات تباہ ہوچکی ہیں۔ بلگام میں کل ایک دن میں 14سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ سے یہاں کے بیشتر نشیبی علاقے کیچڑ آلود اور زیر آب آچکے ہیں۔ گھروں میں پانی گھس جانے کی وجہ سے لوگوں کو رات چھتوں پر بتانی پڑی۔ گدگ ضلع میں بھی کئی برسوں بعد ہوئی زبردست بارش نے جہاں کسانوں کے چہروں پر مسکراہٹ لوٹا دی ہے، وہیں شہری علاقوں میں املاک کو نقصان پہنچایا ہے۔دھارواڑ ، باگلکوٹ ، وجیا پور اور ہاویری میں بھی زبردست بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ مہاراشٹرا کے کونکن اور مہابلیشور میں مسلسل بارش کی وجہ سے چکوڈی تعلقہ کی تین ندیوں ، کرشنا وید گنگا اور دودھ گنگا میں طغیانی کا عالم ہے۔ گدگ میں پانچ اہم فلائی اوورس کے زیر آب آجانے کی اطلاع ملی ہے۔ اسی طرح دودھ گنگا ندی کے کناروں پر واقع دتا واڑہ ، سدالگا ، بورے گاؤں وغیرہ میں سیلاب کی اطلاعات ملی ہیں۔اکثر پلوں کے ڈوب جانے کے سبب یہاں کے ٹرانسپورٹ نظام کو معطل کردیا گیا ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچانے کیلئے ریاستی حکومت کی طرف سے قدم اٹھائے جارہے ہیں۔ مقامی انتظامیہ کو صورتحال سے نمٹنے کیلئے مستعد کیا جاچکا ہے۔